ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / نمازجمعہ کے دوران پشاور کی مسجد میں خودکش دھماکہ،57 شہید

نمازجمعہ کے دوران پشاور کی مسجد میں خودکش دھماکہ،57 شہید

Sat, 05 Mar 2022 10:55:57    S.O. News Service

پشاور ، 5؍مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی)پشاور کے قصہ خوانی بازار میں کوچہ رسالدار کی مرکزی شیعہ مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران خودکش دھماکے میں 57نمازی شہید جبکہ 196سے زائدزخمی ہوگئے ہیں،وہاں کے لوگوں میں دہشت ہے-عینی شاہدین کے مطابق نمازجمعہ کی تیاری ہورہی تھی کہ فائرنگ کرتے ہوئے ایک شخص مسجد کے اندرگھس گیا-

ایس ایس پی آپریشنز ہارون رشید کے مطابق یہ خود کش حملہ تھا، خودکش حملہ آور نے پولیس پر فائرنگ کی اور مسجد میں داخل ہو گیا جس کے بعد وہ منبر تک پہنچ گیا جہاں اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا- ریسکیو ذرائع کے مطابق اب تک50زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا جاچکا ہے جن میں سے10کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے-

سی سی پی او محمد اعجاز کا کہنا ہے کہ2حملہ آوروں نے مسجد میں گھسنے کی کوشش کی، جنہوں نے ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں پر بھی فائرنگ کی-دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید، جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا،پولیس ٹیم پر حملے کے بعد جامع مسجد میں دھماکہ ہوا ہے-دھماکے سے متاثرہ مسجد کو پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے گھیرے میں لے کر امدادی کارروائیاں انجام دیں -

پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں زیادہ تر افراد کے سر پر زخم آئے ہیں -واقعے میں محفوظ رہنے والے ایک عینی شاہد کا کہنا ہے کہ کالے کپڑوں میں ملبوس خود کش حملہ آور نے خود کو منبر کے سامنے اڑایا- خود کش حملہ آور نے سکیورٹی گارڈ کو ٹارگٹ کیا، اس نے5سے6فائر کیے اور تیزی سے مسجد میں داخل ہوا، جہاں اس نے منبر کے سامنے پہنچ کر دھماکہ کر دیا- معاونِ خصوصی بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ اطلاع ہے کہ دہشت گردوں نے پہلے مسجد میں گھسنے کی کوشش کی-دہشت گردوں کا پولیس کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، ایک دہشت گرد مسجد میں داخل ہوا جس نے کارروائی کی-

وزیرِ اعظم عمران خان نے پشاور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی اور ساتھ ہی واقعے کی رپورٹ طلب کر لی-چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے پشاور کی جامع مسجد میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے- انہوں نے کہا ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں -


Share: